سپورٹس بورڈ پر بھی کرونا کے وار، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عدنان ارشد اولکھ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دوروز قبل علامات ظاہر ہونے پر ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کووڈ ٹیسٹ کروایا۔ کورونا رپورٹ مثبت آنے پر عدنان ارشد اولکھ نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے ملازمین نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے لیے دعائے صحت کی اپیل بھی کی ہے۔
دوسری جانب وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی نے کہا ہے کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب کے کورونا میں مبتلا ہونے پر تشویش ہوئی۔ اللہ تعالی عدنان ارشد اولکھ کو جلد صحتیاب کرے۔ کورونا ایک سنگین وبا ہے اور اس سے بچاؤ صرف احتیاط سے ممکن ہے۔
وزیر کھیل پنجاب نے مزید کہا کہ اپنے اور اپنے پیاروں کی صحت کے لئے ماسک پہنیں اور حکومتی احکامات پر عمل کریں۔