مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا
11:22 AM, 20 Apr, 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا، انتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ہوا،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس کی صدارت کی ۔ مینارِ پاکستان میں منعقد ہونے والے کل کے تاریخی اجتماعِ عام کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملکی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً حکومت کی تشکیل و ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے بڑی تعداد میں ملزموں کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا،غیر یقینی کی صورتحال اور امپورٹڈ حکومت کے ملکی معیشت پر تباہ کن اثرات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزمان کو وفاقی کابینہ میں بھرتی کرکے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے،قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ قوم اس وقت بیرونی سازش اور خودمختاری پر کئے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے، اپنے لوگوں کو جانتا ہوں، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں ہیں ، جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے، مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرفطری امپورٹڈ حکومتیں کھڑی کرنے سے نہیں، شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا، انتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں ہے، مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا۔