انصاف کو تسلیم کریں گے، ہتھوڑے کو نہیں، مولانا فضل الرحمان

06:28 PM, 20 Apr, 2023

احمد علی
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جس شخص کو نااہل ہونا چاہیئے عدالت اسے سیاست کا محور بنا رہی ہے، کب تک ہمیں باتوں سے بلیک میل کیا جائے گا؟ ، عدالت کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انصاف کو تسلیم کریں گے،ہتھوڑے کو نہیں ۔ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی رو سے 90 دن میں انتخابات کرانا ناگزیر ہیں لیکن عمران خان کسی تاریخ پر اتفاق کرلیں تو صحیح ہے، جس شخص کو سیاست سے باہر رکھنا چاہیے تھا سپریم کورٹ اسےسیاست کا محور بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کہہ رہی ہے کہ آپ عمران خان سے بات کریں اور الیکشن کی کسی ایک تاریخ پر اتفاق کریں، ہم نے مؤقف دیا کہ عدالت اپنی پوزیشن واضح کرے کہ وہ عدالت ہے یا پنچائت ہے۔ پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چار پانچ مقدمات کا سامنا ہے، وہ نااہل ہو سکتے ہیں، عدالت عمران خان کے لیے لچک پیدا کر سکتی ہے تو ہمارے لیے کیوں لچک پیدا نہیں کر سکتی، سپریم کورٹ اپنے رویے میں لچک پیدا کرے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم انصاف کو تسلیم کرتے ہیں آپ کے ہتھوڑے کو تسلیم نہیں کریں گے، ہم عدالت کے اس جبر کو تسلیم نہیں کرتے، جبر سے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ساڑھے تین سالہ کارکردگی بتائیں، یقیناً آج قوم دلدل میں پھنسی ہوئی ہے، قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا اختیار آئی ایم ایف کے پاس ہے، اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے پاس چلا گیا ہے، روپے کی قیمت بڑھانا کم کرنا آپ کے اختیار میں نہیں رہا، قانون سازی کرکے عوام کوسہولت فراہم کریں گے۔
مزیدخبریں