جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس:اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم

12:28 PM, 20 Apr, 2024

ویب ڈیسک:جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کر دی۔

 تفصیلات کے مطابق انسداددہشتگردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کر دی جبکہ متنازع ٹوئٹس کیس میں بھی اعظم سواتی کی ضمانت میں توسیع ہو گئی۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے کی۔

تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی گاڑی میں موجود تھے تاہم فوٹیج میں کہیں نظر نہیں آئے، جس پر جج نے استفسار کیا ملزم گاڑی سے اترا یا نہیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا سی سی ٹی وی فوٹیج میں اعظم سواتی نظر نہیں آئے۔

جج طاہر عباس سِپرا نے تفتیشی سے استفسار کیا اعظم سواتی کی کسٹڈی آپ کو چاہیے؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ اعظم سواتی کی کسٹڈی درکار نہیں ہے۔

تفتیشی افسر کے بیان کے بعد انسدادِ دہشتگردی عدالت نے اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کر دی۔

دوسری جانب اسپیشل ڈیوٹی جج سینٹرل اسلام آباد رخشندہ شاہین نے بھی متنازع ٹوئٹس کیس میں اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں 23 اپریل تک توسیع کر دی۔

اعظم سواتی اپنے وکیل علی بخاری کے ساتھ ڈیوٹی جج کی عدالت میں پیش، عدالت نے اعظم سواتی کی حاضری لگائی اور سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں