پی ایم اے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، جنرل متین گورک کی خصوصی شرکت

02:33 PM, 20 Apr, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل متین گورک نے خصوصی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) اپنے قیام سے لے کر اب تک آرمی کے اہم ادارے میں شمولیت اختیار کرنے والے کیڈٹس کے لیے قیادت اور سینٹر آف ایکسیلینس کا گہوارہ رہا ہے۔

گزشتہ برسوں کے دوران پی ایم اے نے متعدد غیر ملکی کیڈٹس کو بھی تربیت دی ہے، جن کی متعلقہ افواج میں شاندار کارکردگی پی ایم اے کی پیشہ ورانہ اقدار کا ثبوت ہے۔ آج کی پریڈ فوجی نظم و ضبط کی شاندار مثال ہے اور اکیڈمی اور پاک فوج کی شاندار اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، 149 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ ترکیہ جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل متین گورک مہمان خصوصی تھے۔

149 ویں پی ایم اے لانگ کورس، 14 ویں مجاہد کورس، 68 ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 23 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں منعقد ہوئی۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں دوست ممالک کے 49 کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پریڈ کا جائزہ لیا اور تقریب سے خطاب بھی کیا۔ ان کے ہمراہ ترکیہ چیف آف جنرل اسٹاف نے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

149 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی کے سینئر انڈر آفیسر محمد نعمان عبداللہ اور کمپنی کے سینئر انڈر آفیسر محمد عبداللہ جاوید کو صدارتی گولڈ میڈل دیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے سینئر انڈر آفیسر فہد بن عقیل التوارکی الفلج کو دیا گیا۔

آرمی چیف کین سے 14ویں مجاہد کورس کے کورس انڈر آفیسر الیاس خان کو نوازا گیا۔ کمانڈنٹ کینز 68 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس جونیئر انڈر آفیسر دانش ستار اور 23 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس انڈر آفیسر شیر بانو کو دیے گئے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے قابل فخر والدین کو پی ایم اے میں ان کی تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں سی جے سی ایس سی کی آمد پر کمانڈنٹ پی ایم اے نے ان کا استقبال کیا۔

مزیدخبریں