مولانافضل الرحمان نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

08:09 PM, 20 Apr, 2024

ویب ڈیسک: مولانا فضل الرحمان نے قلعہ عبداللہ کے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں صاف نظر آرہا ہے کہ آپ نے دھاندلی کا پروگرام بنا رکھا ہے اس قسم کے الیکشن کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے پشین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تم دھاندلی کرانا چاہتے ہو اس لئے آج ہی ہم بائیکاٹ کا اعلان کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے 2018 کی دھاندلی کے خلاف تحریک چلائی، 2024 میں 2018 سے بڑی دھاندلی ہوئی ہے، پہلے کہا یہ اسمبلیاں بنائی گئی ہیں، یہ اسمبلیاں بیچی اور خریدی گئی ہیں، بتاؤ بلوچستان کی اسمبلی کتنے میں خریدی؟ دھاندلی کے خلاف پہلے بھی آگے تھے اوراب بھی آگے رہیں گے، ہم جعلی حکومت کو چلنے نہیں دیں گے۔

خطاب میں جے یو آئی آئی کے قائد کا کہنا تھا کہ یہ وقت آپس میں لڑنےکا نہیں ہے، سیاست دانوں کو ہمیشہ استعمال کیا گیا،کل سیٹ نہیں تھی تو دھاندلی ہے، آج سیٹ مل گئی تو دھاندلی نہیں ! سیاست دان سیٹوں پر نہ بکیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سرزمین سے تحریک اٹھی ہے، پورے ملک میں جائےگی، ہم اس تحریک سے جعلی حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، تحریک کو اب کوئی نہیں روک سکتا، اگر آئین اور اسمبلیوں کو روندوں گے تو ہم پہاڑ کی طرح کھڑے رہیں گے۔

قائد جمعیت علمائے اسلام ف کا مزید کہنا تھا کہ اب عوام براہ راست اسمبلی لگائیں گے ، وقت آگیا ہے کہ مجرم کو مجرم کہنا پڑے گا۔ کیونکہ ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنایا جارہا ہے ملک کو غلط پالیسوں پر ڈال دیا گیا ہے ملک کو جمہوریت کیلئے حاصل کیا گیا تو جمہوریت کہیں نظر نہیں آرہی ، ملک کو خوشحالی کیئے حاصل کیا گیا مگر آج خوشحالی کہیں نظر نہیں آرہی ، 75 سال کے دوران تمام مسائل کی زمہ دار اسٹبلشمنٹ ہے۔

واضح ہے کہ قلعہ عبداللہ سے عوامی نیشنل پارٹی اور پشتونخوا میپ کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار انجینئر زمرک خان اچکزئی 3 مرتبہ اس حلقے سے کامیاب ہوئے۔

مزیدخبریں