لاہور(پبلک نیوز) مینارپاکستان پربدسلوکی کا نشانہ بننے والی خاتون کا طبی معائنہ کرالیا گیا، کیس سے متعلق مزید انکشافات سامنے آگئے، عائشہ کے ساتھی لڑکے کی ون فائیو پرکالز کے باوجود ایس ایچ او تاخیر سے پہنچا.
مینار پاکستان واقعہ نے پورے ملک میں ایک نئی بحث کا آغاز کر دیا ہے. قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعہ سے متعلق نئے شواہد سامنے لا رہے ہیں. کیس میں مزید سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں. پولیس ٹیم خاتون کو چھڑا کر پولیس اسٹیشن لےآئی تاہم ٹک ٹاکر لڑکی نے کوئی کارروائی نہ کرنے کا کہا، تحقیقاتی ٹیم نے30مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا،رپورٹ آج وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب عائشہ اکرم کا میڈیکل مکمل ہو گیا اور رپورٹ جاری کر دی گئی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق عائشہ اکرم کی گردن اور دائیں ہاتھ پر سوجن ہے، سینے کے دائیں طرف 3 اور بائیں بازو پر بھی 3 خراشیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان کی کمر اور دونوں پاؤں پر بھی خراشیں پائی گئی ہیں۔عائشہ اکرم کے جسم پر 13 نشانات واضح ہیں، متعدد نیل بھی ہیں، دونوں کانوں پر بھی سوجن ہے، جبکہ گردن پر نوچے جانے کے نشانات ہیں۔
یاد رہے کہ 14 اگست کو ایک اور ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں سیکڑوں افراد نے ایک ٹک ٹاک لڑکی سے بدتمیزی کی اور اس کے کپڑے تک پھاڑدیے، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، کیس میں ابتک 30 افراد کو پولیس نے حراست میں لیا ہے.