لاہور: (ویب ڈیسک) مشہور ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر نے 14 اگست پٔر مینار پاکستان گریٹر اقبال پارک میں ایک ٹک ٹاکر خاتون کیساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’ فیمنسٹ‘ کے اس دعوے کو تسلیم کرتے ہیں کہ ہمارے ملک میں کسی عورت کی حرمت اور عزت محفوظ نہیں ہے۔
ایک پروگرام کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کئی افراد نے یہ بات بھی کہی کے اس لڑکی کو وہاں جانے کی کیا ضرورت تھی، ایسا کہنا فیمینسٹ کے دعوے کی حمایت کرنے کے مترادف ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ آپ نے ہماری بچیوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے لگا کہ وہ ٹھیک کہہ رہی ہیں، مجھے مان لینا چاہیے کہ ہمارے ہاں عورت کی حرمت ، عزت آبرو محفوظ نہیں ہے، کوئی اکا دکا واقعات نہیں ہو رہے .
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جب سے سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو دیکھی، وہ بہت دل گرفتہ ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس پر بات کریں لیکن ان کے پاس اس بہیمانہ واقعے کی مذمت کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔
اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر اپنی ہی بہن بیٹی پر ٹوٹ پڑنے والو آج تم نے دنیا کو دکھایا ہے کہ تم اپنے دین اور نبیؐ کے احکامات کی کیسے توہین کرتے ہو، خدا تمہیں غارت کرے۔