امریکا میں 50 سال بعد چوری کی گئی کتاب لائبریری کو واپس
05:11 AM, 20 Aug, 2022
امریکی ریاست اوہائیو میں چوری کی گئی ایک کتاب پچاس سال بعد کتب خانے کو واپس کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو کی سِنسناٹی پبلک لائبریری کا کہنا ہے کہ کتب خانے سے چرائی گئی مصنف ایڈگر رائس کی کتاب ٹارزن اینڈ ٹارزن ٹوئنز 50 سال بعد بذریعہ ڈاک لائبریری کو واپس بھجوائی گئی ہے۔ کتاب کے ساتھ ایک خط بھی بھیجا گیا ہے جس میں کتاب کی غیر موجودگی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ نوٹ مین لکھا گیا تھا کہ جو بھی اس کو موصول کرے، میں اس کتاب کو واپس کر رہا ہوں جس کو 1972 – 1973 میں سِنسناٹی پبلک لائبریری (مین برانچ) سے درج کرائے بغیر لیا گیا تھا۔ اس وقت میں جوان تھا، بہرحال میں امید کرتا ہوں کہ آپ کو یہ کتاب صحیح حالت میں ملے گی۔ لائبریری کے مہتمم برائن پاورز کے مطابق کتاب واپس ملنے سے لائبریری کا عملہ خوش ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اعترافی نوٹ میں یہ لکھا گیا ہے کہ وہ شخص یہ کتاب لے گیا تھا مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ اس نے یہ واپس کیوں کی ہے۔