شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ سے باہر
11:35 AM, 20 Aug, 2022
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں انجری کے باعث اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ انڈی پینڈنٹ اسپیشلسٹس اور پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے تازہ ترین اسکینز اور رپورٹس کی روشنی میں شاہین آفریدی کو آرام تجویز کیا ہے، ان کو چار سے چھ ہفتے آرام کی تجویز کی گئی ہے۔ ممکنہ طور پر شاہین آفریدی کی نیوزی لینڈ میں اکتوبر میں ہونے والی سہہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کرکٹ میں واپسی ہو گی اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے شاہین آفریدی کے متبادل کا اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔ ایشیا کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم پیر کو روٹرڈیم سے دبئی روانہ ہوگی۔خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں دائیں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔