اسلام آباد انتظامیہ کی پی ٹی آئی ریلی کو سیکیورٹی دینے سے معذرت

01:04 PM, 20 Aug, 2022

احمد علی
اسلام آباد انتظامیہ نےپاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو ریلی کو سیکیورٹی دینے سے معذرت کر لی ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جان کو خطرے کی اطلاعات ، اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کو ریلی کو سیکیورٹی دینے سے معذرت کر لی۔ ترجمان ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے ریلی کی اجازت اور سکیورٹی کے لیے درخواست دی تھی، ٹھوس وجوہات کی بنا پر ریلی نکالنے اور سیکورٹی مہیا کرنے سے معذرت کی گئی۔ اسلام آباد میں سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر گزشتہ کئی روز سے دفعہ 144 نافذ ہے۔ ترجمان ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ ساتھ ریلی شرکاء کی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں۔ زیرو پوائنٹ سے ایف نائین پارک تک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ بھی سیکورٹی رسک بن سکتا ہے۔ ترجمان ڈی سی اسلام آباد کے مطابق پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی درخواست کا بروقت جواب بھجوا دیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف آف اسٹاف شہباز گل پر تشدد کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا.پمز ہسپتال آمد پر سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پولیس کس سے آرڈر لے رہی ہے۔ کیا عدالتی حکم کی کوئی حیثیت نہیں؟ انھوں نے کہا کہ ’مجھے شہباز گل کی عیادت کرنے نہیں دی گئی۔‘ وہ پوچھتے ہیں کہ ’کیا یہاں قانون کی حکمرانی ہے؟ عدالت کے حکم کی کوئی فکر نہیں ہے؟‘ ان کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد میں، میں ریلی نکال رہا ہوں شہباز گل کے لیے۔ میں اسلام آباد کے سارے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں۔ اگر اس طرح کا تشدد ایک سیاسی کارکن پر ہو سکتا ہے تو کسی کے اوپر بھی ایسا ہوسکتا ہے۔‘ عمران خان نے کہا کہ ’میں کل مغرب کے وقت ریلی نکالوں گا۔ اس سے بہتر ہے کہ زندہ نہ رہو اگر ہمیں ان چوروں کی غلامی کرنی پڑی۔‘
مزیدخبریں