'ایسا فیصلہ نہیں کروں گا جس سے ملک کو نقصان پہنچے'

01:52 PM, 20 Aug, 2022

احمد علی
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کروں گا جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔انہوں نے کہا کہ مسئلے کا واحد حل صاف شفاف انتخابات ہیں اور آئندہ انتخابات کی ٹکٹیں خود دوں گا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا انفلوائنسرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر بات نہیں کرسکتا، ان لوگوں کےساتھ بیٹھنے کا مطلب کرپشن تسلیم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیے، آرمی چیف کی تعیناتی پر ڈرامہ شروع ہوجاتا ہے، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا کہ آرمی چیف کی تعیناتی ایشو بن جائے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام سے معاشی استحکام آئے گا، فوج اکیلی ملک کو اکٹھا نہیں کرسکتی، فوج ملک کو اکٹھا کرسکتی تو مشرقی پاکستان نہ ٹوٹتا، ملک کو سیاسی جماعتیں اکٹھا کرتی ہیں اور اس وقت واحد قومی جماعت تحریک انصاف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کروں گا جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔ مسئلے کا واحد حل صاف شفاف انتخابات ہیں اور آئندہ انتخابات کی ٹکٹیں خود دوں گا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نےپنجاب حکومت کے حوالے سے کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صرف حمزہ شہباز کو ہٹانے کیلئے حاصل کی، وہ ہمارے لوگوں کے خلاف کارروائی کررہا تھا۔ پولیس حکام کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو چڑیا گھر سے کال آجاتی ہے۔ شہباز گل کے معاملے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فاشزم کی کلاسک مثال شہباز گل کا کیس ہے، پولیس کہہ رہی ہے کہ شہباز گل پر ہم نے تشدد نہیں کیا تو پھر کس نے کیا؟ آج ریلی سے خطاب میں اہم باتیں کروں گا، شہباز گل نے اصغر خان کیس فیصلے سے ہٹ کر تو کوئی بات نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سازش ہورہی ہے پی ٹی آئی اور فوج میں تصادم ہو، اگر تصادم ہوا تو ملک میں خونریزی ہوگی، ہم سے نیوٹرلز اس مافیا حکومت کو تسلیم نہیں کراسکتے۔
مزیدخبریں