شہباز گل کے علاج معالجے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ بنانے کا فیصلہ
02:39 PM, 20 Aug, 2022
ذرائع کے مطابق چار رکنی میڈیکل بورڈ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے علاج معالجے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چار رکنی میڈیکل بورڈ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل ہو گا۔ ذرائع کے مطابق میڈیسن، جنرل سرجری، پلمانولوجی، میڈیکل آئی سی یو کے ڈاکٹرز بورڈ میں شامل ہیں، ایسوسی ایٹ پروفیسر میڈیسن شفاعت رسول کو میڈیکل بورڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ان کے عالوہ جنرل سرجن عاطف انعام شامی، پلمانولوجسٹ ڈاکٹر ضیا بورڈ میں شامل ہونگے، میڈیکل آئی سی یو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سلمان بھی بورڈ میں شامل ہونگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چار رکنی بورڈ شہباز گل کا علاج معالجہ، میڈیکل رپورٹ تیار کرے گاَ۔ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان شہباز گل کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچے تھے تاہم اسلام آباد پولیس نے انہیں ملاقات سے روک دیا تھا ،جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف آف اسٹاف شہباز گل پر تشدد کے خلاف آج بروز ہفتہ احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بغاوت کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کا دوبارہ میڈیکل کرانے اور پیر تک پمزہسپتال میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ پیر کو ملزم اور میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کی جائیں، پولیس کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو معطل کیاجاتاہے، عدالت نے پولیس اور پمز حکام پر بھی سوالات اٹھا دیئے، شہباز گل فٹ تھے تو پھر ایمبولینس میں ویل چیئرپر عدالت کیوں لایا گیا۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ حقائق بتاتے ہیں ڈاکٹرز اور پولیس دونوں شہباز گل کی صحت سے متعلق مطمئن نہیں، عدالت میں شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا رہا، عدالت میں شہباز گل کو آکسیجن سلینڈر فراہم کیا، تفتیشی آفیسر ان کو واپس علاج کیلئے پمز حکام کے حوالے کریں، شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ صحتیاب ہو کر ڈسچارج ہونے پر شروع ہو گا۔