کارکی ٹکر سے ہلاکت: پولیس امیر شخصیت کی بیوی کو بچانے میں لگ گئی

03:37 PM, 20 Aug, 2024

ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے کارساز میں کار کی ٹکر سے طالبہ اور والد کی ہلاکت کے واقعہ میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ 

ذرائع کے  مطابق پولیس امیر شخصیت کی بیوی کو بچانے کی کوشش میں لگ گئی ہے۔ 

تفتیشی افسر ایس آئی او عامر الطاف نے ملزمہ نتاشا کی عدم پیشی سے متعلق رپورٹ سٹی کورٹ میں جمع کرادی۔ تفتیشی افسر نے ملزمہ نتاشا کی عارضی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرادی۔

عدالت کے روبرو اپنے بیان میں تفتیشی افسر نے کہا کہ جناح اسپتال کے ماہر نفسیات ڈاکٹر چنی لعل نے ملزمہ کا معائنہ کرکے اسپتال میں داخل کرلیا ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی حالت ایسی نہیں کہ اسے عدالت لایا جائے۔ ملزمہ کی ذہنی حالت بہت خراب ہے۔ لہذا ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ملزمہ کو آج عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکتا۔ 

پولیس نے عدالت سے ملزمہ کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔ تاہم عدالت نے ملزمہ کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ 

ملزمہ کے وکیل عامر منسوب نے عدالت کے روبرو بتایا کہ میری موکلہ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے وہ جناح اسپتال میں زیر علاج ہے۔ میری موکلہ کو ضمانت دی جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ کی پیشی کے بغیر ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ فاضل عدالت خصوصی مجسٹریٹ کے فرائض انجام دے رہی ہے۔ فاضل عدالت کو ضمانت دینے کا اختیار نہیں ہے۔ عدالت ایک دن کا ریمانڈ دے رہی ہے، کل ملزمہ کو متعلقہ عدالت میں پیش کریں۔ 

عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزمہ پیش کرنے کے قابل نہیں ہے تو اس کا پراپر میڈیکل سرٹیفکیٹ متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ گرفتاری کے وقت ملزمہ کا ڈرائیونگ لائسنس قبضہ میں لیا گیا یا موجود ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کے استفسار پر گردن ہلا کر نفی میں جواب دیا۔

وکیل نے بتایا کہ میری موکلہ کے پاس پاکستانی نہیں یو کے کا لائسنس ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یو کے کا لائسنس پاکستان میں قابل قبول کیسے ہوگا؟ عدالت نے ملزمہ کو بدھ کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

کارساز حادثہ کیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر عامر الطاف کی گفتگو: 

تفتیشی افسر انسپکٹر عامر الطاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں ہم نے رپورٹ جمع کرائی ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے ملزمہ کو ایڈمٹ کرلیا ہے۔ اسپتال کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے۔ ہم ملزمہ کا ریمانڈ چاہتے تھے عدالت نے ایک دن کا ریمانڈ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں سیمپل ملے ہیں۔ وہ لیب میں جائیں گے پھر اس کی رپورٹ آئے گی۔ ڈرائیونگ لائسنس سمیت متعلقہ دستاویزات کے لئے نوٹس جاری کردیا ہے۔ کل حادثہ پیش آیا ہے ہم نے دستاویزات طلب کر لئے ہیں۔ دستاویزات سامنے آئیں گے تو معلوم ہوگا ڈرائیونگ لائسنس یوکے کا ہے یا پاکستانی؟ 

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اجازت دیں گے تو کل ملزمہ نتاشا کو عدالت میں پیش کریں گے۔ نشے کی حالت سے متعلق کوئی میڈیکل رپورٹ ہمیں موصول نہیں ہوئی۔ جب تک میڈیکل ڈاکٹر اپنی سفارشات نہیں دیتا۔ ملزمہ نشے میں تھی یا نہیں اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

انتظامیہ کی ملی بھگت سے ذہنی مریضہ قرار دینے کی کوشش:

کارساز میں خاتون کی تیز رفتار گاڑی سے باپ اور بیٹی کے جاں بحق ہونےکے واقعے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ 

پولیس کی گرفتار ملزمہ نتاشا دانش کو وومن تھانے منتقل کرنے کی کوشش، جناح اسپتال کے ڈاکٹرز نے ملزمہ کی حالت کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔ ملزمہ کو جناح اسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں علاج کے غرض سے داخل کر دیا گیا۔ 

پولیس نے ملزمہ کا ایک روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔ ملزمہ کے اسپتال میں داخل ہونے سے پولیس کی تفتیش متاثر ہوسکتی ہے۔ 

ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزمہ کو انتظامیہ کی ملی بھگت سے ذہنی مریضہ قرار دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی مریضہ قرار دینے سے کیس کمزور پڑ جاتا ہے۔

ایسٹ پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس میرٹ پر چالان عدالت میں پیش کرے گی۔

مزیدخبریں