خلیل الرحمن ہنی ٹریپ کیس، لاہو ر ہائیکورٹ کا ملزمہ آمنہ  عروج کا میڈیکل کرانے کا حکم

06:32 PM, 20 Aug, 2024

(ویب ڈیسک )   لاہور ہائیکورٹ نے ایم ایس سروسز ہسپتال کو آمنہ عروج کا میڈیکل کروا کر کل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق   لاہور ہائیکورٹ  میں خلیل الرحمن قمر ہنی ٹریپ کیس کی ملزمہ آمنہ عروج کا میڈیکل کروانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے آمنہ عروج کی والدہ زینت بی بی کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالتی حکم پر ملزمہ آمنہ عروج کو ہائیکورٹ میں پیش کیا گیا ۔

 جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایم ایس سروسز ہسپتال کو آمنہ عروج کا میڈیکل کروا کر کل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ 

عدالت نے حکم میں کہا  کہ   آمنہ عروج کے میڈیکل کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، آمنہ عروج کا میڈیکل کل عدالت میں پیش کیا جائے۔

درخواست میں آئی جی جیل خانہ جات اور سپریٹینڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ   آمنہ عروج کو جسمانی ریمانڈ کے دوران پولیس کی جانب سے شدید جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا،تشدد کے باعث آمنہ عروج شدید اندرونی و بیرونی چوٹوں کا شکار ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ   آمنہ عروج کی والدہ جیل میں ملاقات کے لیے گئی تو انہیں بتایا گیا کہ آمنہ عروج کو ہسپتال لے جایا گیا ہے، آمنہ عروج کی والدہ کو پتہ لگا کہ آمنہ عروج کو اصل میں آرگنائز کرائم یونٹ کے تفتیشی افسر کے پاس لے جایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ   آمنہ عروج کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم جاری کیا جائے، آمنہ عروج کا میڈیکل کروانے کا حکم جاری کیا جائے۔

مزیدخبریں