’پی ٹی آئی نے پرانے پاکستان کا بیڑا غرق کردیا‘
04:05 PM, 20 Dec, 2021
کراچی ( پبلک نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلے دن ہی کہہ دیا تھا یہ حکومت نہیں چلے گی۔ فارمولا بنا بنا کر ملک کا بیڑا غرق کر رہے ہیں۔ نواب شاہ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام مسائل پیپلز پارٹی ہی حاصل کر سکتی ہے۔ ہم اب بھی تیار ہیں لیکن بات سیدھی ہے۔ پہلے ان حکمرانوں کی چھٹی کرو پھر ہم سے بات کرو تو پھر ہم ملک سنبھالیں گے۔ پہلے دن کہا تھا کہ نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی۔ آصف زرداری نے کہا نیا پاکستان بنانا بہت آسان ہے لیکن پی ٹی آئی نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کر دیا۔ کل نوابشاہ کے دورے پر نکلا تو مجھے ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے۔ اس حکومت میں لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ سال آگے اور پندرہ سال پیچھے دیکھیں تو فرق نظر آجائے گا۔ ملک چلانے اور سنبھالنے کے لئے ایک سوچ ہوتی ہے۔ سب یاد رکھیں کہ عوامی ووٹ ہمارا اور آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے۔