توانائی بچت پروگرام : شادی ہالز 10 بجے،مارکیٹیں ، ہوٹلز 8 بجے بند کرنیکا فیصلہ
11:37 AM, 20 Dec, 2022
اسلام آباد: توانائی بچت پروگرام کے تحت وفاقی حکومت نے شادی ہالز رات 10 بجے، مارکیٹیں اور ہوٹلز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزراء نے پریس کانفرنس کی۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کفایت شعاری کی پالیسی دی جا رہی ہے،اس حوالے سے بنائی گئی کمیٹی میں سیکریٹری پاور، وزیرِ دفاع سمیت دیگر وزراء شامل ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ شادی ہالز کو 10 بجے تک محدود کر دیا جائے گا جبکہ ریسٹورنٹس، ہوٹل اور مارکیٹیں 8 بجے بند کر دی جائیں گی، اس عمل سے 62 ارب روپے کی بچت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی اداروں میں 20 فیصد لوگ گھروں سے کام کریں گے، سرکاری اداروں میں 20 فیصد افرادی قوت گھر سے کام کرے تو 56 ارب روپےکی بچت ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ توانائی پالیسی سے متعلق صوبوں سے رائے لیں گے۔ ساری دنیا میں شام 6 بجے مارکیٹیں بند ہو جاتی ہیں، جمعرات تک پالیسی فائنل کر لی جائے گی، صوبوں سے مشاورت کے بعد پالیسی فائنل ہو گی۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ای بائیکس متعارف کرانے جا رہے ہیں، الیکٹرک بائیکس کی درآمد شروع ہو چکی ہے،محدود مدت کے اندر یہ موٹر سائیکلیں مارکیٹ میں آ جائیں گی،موٹر سائیکل کمپنیوں کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے، ای بائیکس آنے سے 86 ارب روپے کی بچت ہو گی۔