دوسرا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 81 رنز سے ہرا دیا

01:22 AM, 20 Dec, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان نے جنوبی افریقا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 81 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پا کستان نے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے تین میچز کی سیریز  میں جنوبی افریقا پر 0-2 کی برتری حاصل کرلی، پاکستان کے کامران غلام مین آف دی میچ قرار پائے۔

پاکستان نے تیسری مرتبہ جنوبی افریقا میں ون ڈے سیریز جیتی،   پاکستان اکیسویں صدی میں جنوبی افریقا میں تین مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

 کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا کی دعوت پر پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

پہلی اننگز

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 25، عبداللہ شفیق صفر، بابر اعظم 73 اور کپتان محمد رضوان 80 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔سلمان علی آغا نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔

اختتامی اوورز میں کامران غلام نے 5 چھکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔اس کے علاوہ عرفان خان نے 15، شاہین آفریدی نے 16، حارث رؤف نے 6 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مفاکا نے 4، مارکو یانسن نے 3  وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز

میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی 329 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے ہینرک کلاسین نے 74 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی بیٹر ٹونی زیزورزی 34، ڈیوڈ ملر 29،  ریسی وین ڈر ڈیسن 23، ایڈن مارکرم 21 اور ٹیمبا باؤما 12 رنز اسکور کر پائے۔

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 8 اوورز  میں 47 رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ 3 اور ابرار احمد 2 وکٹیں حاصل کر پائے جبکہ سلمان آغا کے حصے میں ایک وکٹ آیا۔

 دوسرے ون ڈے کیلئے جنوبی افریقا کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ پاکستان  ٹیم نے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھا اور کوئی تبدیلی نہیں کی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ سیریز جیتنے پر انتہائی خوشی ہوئی، جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

اس سے قبل تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جنوبی افریقا نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزیدخبریں