آر ایشون کی ریٹائرمنٹ کوہلی اور روہت شرما کیلئے رخصتی کا اشارہ،والد کے اہم انکشافات

12:51 PM, 20 Dec, 2024

جواد ملک

ویب ڈیسک:(جواد ملک) بھارتی آف اسپنر آر ایشون کی ریٹائرمنٹ  دراصل کوہلی اور روہت شرما کو رخصتی کا اشارہ ہے۔۔والد نے بیٹے کی بے عزتی کو ریٹائرمنٹ کی وجہ قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی آف اسپنرآر ایشون کی ریٹائر منٹ پر اٹھنے والا شور تھمنے میں نہیں آرہا اور اب اس معاملے پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ ایشون کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تھا جبکہ بھارتی کپتان روہت شرما کے مطابق ایشون نے پرتھ میں پہلے ٹیسٹ کے دوران ہی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا تھا۔

دوسری جانب 38 سالہ ایشون کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کی اچانک ریٹائرمنٹ پر اُنہیں بھی دھچکا لگا ہے کیوں کہ وہ چاہتے تھے کہ ایشون بھارت کے لیے مزید کھیلیں۔

چنئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایشون کے والد کا کہنا تھا کہ اچانک ریٹائرمنٹ کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں لیکن یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اُن کی تضحیک کی گئی ہو۔ایشون ٹیسٹ سیریز کے درمیان ہی جمعرات کو اپنے آبائی شہر چنئی پہنچ گئے تھے جہاں اُن کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری بارڈر، گواسگر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ہی ایشون نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا جس پر بہت سے حلقوں نے حیرانی کا اظہار کیا تھا۔

ایشون کو آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا اور اُن کی جگہ واشنگٹن سندر کو شامل کیا گیا تھا۔ تاہم ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اُنہیں کھلایا گیا تھا جس میں وہ صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے تھے۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

ایشون کو برسبین ٹیسٹ میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا اور اسی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز اُنہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

بعض کرکٹ ماہرین کے بقول واشنگٹن سندر کو پرتھ ٹیسٹ میں ایشون پر ترجیح دے کر ایک طرح سے سلیکٹرز نے ایشون کو پیغام دیا تھا۔

اس سے قبل سابق بھارتی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا تھا کہ اُنہیں بدھ کو پتا چلا کہ ایشون ریٹائر ہو رہے ہیں۔ تاہم برسبین ٹیسٹ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ اُنہیں یہ پتا چلا تھا کہ ایشون پرتھ ٹیسٹ میچ کے دوران ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر چکے تھے۔

بھارت کی جانب سے 106 ٹیسٹ میچز میں 537 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے ایشون کا شمار بھارت کے صفِ اول کے اسپنرز میں ہوتا تھا۔ انیل کمبلے کے بعد اُنہیں بھارتی اسپن اٹیک کا اہم حصہ سمجھا جاتا تھا۔

معروف بھارتی کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے  کاکہناہے کہ  کہ ایشون کو ریٹائرمنٹ کی اجازت دینے سے لگتا ہے کہ یہ دیگر سینئر کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک طرح سے پیغام ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ سلیکٹرز نے ایک معیار مقرر کر دیا ہے، آنے والا وقت دلچسپ ہو گا۔

واضح رہے کہ کپتان روہت شرما 37 اور وراٹ کوہلی 36 برس کے ہیں اور دونوں کی ٹیسٹ میچز میں کارکردگی پر تنقید ہوتی رہی ہے۔

بھارتی کمنٹیٹر سنجے منجریکر کا کہنا تھا کہ ابھی ایشون مزید کھیل سکتے ہیں، اُن کا یہ فیصلہ حیران کن ہے۔

ویرات اور انوشکا نے بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا

  بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ جلد بھارت چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہو جائیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ویراٹ کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما اور بچوں کے ساتھ انگلینڈ منتقل ہوں گے۔ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما نے کرکٹر کے بھارت چھوڑ کر انگلینڈ منتقلی کا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کچھ عرصے سے زیادہ تر وقت انگلینڈ میں ہی گزارتے ہیں، یہ دونوں لندن میں پراپرٹی کے بھی مالک ہیں۔

مزیدخبریں