لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا بدنامہ زمانہ اشتہاری ملزم گرفتار

06:18 PM, 20 Dec, 2024

(ویب ڈیسک ) فیڈرل انویسیٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا بدنامہ زمانہ اشتہاری ملزم گرفتار کرلیا ۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ   اشتہاری ملزم محمد سلیمان کے خلاف 7 سے زائد مقدمات درج تھے۔ ملزم کے خلاف  کمپوزٹ سرکل گجرات نے سال 2023 میں مقدمات درج کئے۔

حکام کے مطابق ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہے،گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے، ملزم نے 7 متاثرین سے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کئے۔

ایف آئی اے کا  کہنا ہے کہ ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا براستہ مصر اور دبئی بھجوایا۔ متاثرین کو لیبیا میں موجود سیف ہاؤسز میں نہایت برے حالات میں رکھا گیا تھا ۔

حکام کے مطابق ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ شہریوں کی موت واقع ہوئی۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے گجرات سے گرفتار کیا گیا، ملزم کی گرفتاری کے لئے متعدد بار چھاپے مارے گئے۔

حکام کے مطابق   ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا  جبکہ  دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں