لاہور :‌ پی ایس ایل میچ دیکھ کر واپس جانے والی لڑکی سے زیادتی کی کوشش

10:52 AM, 20 Feb, 2022

احمد علی

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں ایک روز قبل میچ دیکھ کر واپس جانے والی لڑکی کو نشترپارک کمپلیکس کے قریب 2 افراد نے مبینہ طورپر زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے گلبرگ پولیس اسٹیشن میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا، جس میں لکھا گیا ہے کہ متاثرہ لڑکی جمعے کے روز میچ دیکھ کر گھر واپس جارہی تھی کہ وہ راستہ بھول کر نشتر پارک کمپلیکس کے گیٹ نمبر ایک پر پہنچی اور ایک سنسان اور تاریک گلی میں داخل ہوئی تو اسے وہاں 2 سیکیورٹی گارڈز نظر آئے۔

شکایت کنندہ کے مطابق لڑکی نے گارڈز سے فیروز پور روڈ تک پہنچنے میں مدد مانگی تاہم ملزمان نے اسے گمراہ کیا اور جب وہ ایک سنسان جگہ پہنچی تو دونوں نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ لڑکی نے چیخ پکار کی تو اس دوران اُس کے والد اتفاق سے وقوعہ پر پہنچ گئے، جس کے بعد ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مزیدخبریں