صدر کیجانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان،الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب
12:21 PM, 20 Feb, 2023
اسلام آباد: صدر کیجانب سے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخاب کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تاریخ کا اعلان ہوتے ہی اہم اجلاس طلب کر لیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے تاریخ کے اعلان کا جائزہ لے گا۔ خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ دے دی ہے۔ صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ 2017 ء کے سیکشن 57 ایک کے تحت 9 اپریل بروز اتوار پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابات کا اعلان کردیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ کے سیکشن 57 دو کے تحت الیکشن کا پروگرام جاری کرے ، آئین کے تحت آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا، چونکہ کسی بھی عدالتی فورم کی جانب سے کوئی حکم امتناع نہیں ، لہٰذا، سیکشن 57 ایک کے تحت صدر کے اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا ، آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اپنا آئینی اور قانونی فرض ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔