ویب ڈیسک: آئی پی پی کے علیم خان کی قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ایڈووکیٹ علی اعجاز بٹر کی جانب سے استحکام پاکستان پارٹی کے عبد العلیم خان کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 117سے کامیابی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 9فروری کو جاری شدہ فارم 47 کو کالعدم قرار دیا جائے اور 15 فروری کو جاری کیا گیا علیم خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے ۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ تمام امیدواروں کی موجودگی میں رزلٹ مرتب کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ عدالت الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کرے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن ، آر او اور دیگر امیدواروں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔