ذاتی معلومات شیئر معاملہ ، شوبز شخصیات کا فیروز خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان
05:51 AM, 20 Jan, 2023
اداکار منیب بٹ، فلم ساز شرمین عبید چنائے، ثروت گیلانی، خالد عثمان بٹ، میرا سیٹھی ایمن خان، منال خان اور فرحان سعید سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی ان کی ذاتی معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر اداکار فیروز خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔ اداکار منیب بٹ نے باقی شوبز شخصیات سے بازی لیتے ہوئے فیروز خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سائبر کرائم قوانین کے تحت درخواست بھی دائر کردی۔ علاوہ ازیں گلوکار فرحان سعید نے بھی اداکار فیروز خان کو جوابی نوٹس بھجواتے ہوئے ان سے 15 دن کے اندر ان کی ذاتی معلومات کو عام کرنے پر 15 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا، دوسری صورت میں انہیں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کے لیے تیار رہنے کی دھمکی بھی دے دی۔ فیروز خان نے 17 جنوری کوکہا تھا کہ انہوں نے ثروت گیلانی، منیب بٹ، یاسر حسین ، ایمن خان، منال خان اور میرا سیٹھی سمیت متعدد شوبز شخصیات کو بدنام کرنے پر قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ان سے 15 دن کے اندر معافی کا مطالبہ کیا ہے، دوسری صورت میں وہ تمام اداکاروں کے خلاف 3 کروڑ روپے کے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔ فیروز خان کے وکیل نے کہا کہ تمام شوبز شخصیات نے فیروز خان پر سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان پر تشدد کے الزامات لگائے تھے اور تمام شخصیات نے شواہد کے بغیر اداکار کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹس کی تھیں۔اداکار کی جانب سے شوبز شخصیات کو بھجوائے گئے نوٹسز کی کاپیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، جن میں متعدد شخصیات کی ذاتی ایڈریس، نام اور موبائل نمبر سمیت دیگر معلومات کو واضح طور پر پڑھا جا سکتا تھا۔ قانونی نوٹسز میں ذاتی موبائل نمبر اور دیگر معلومات دیے جانے اور نوٹسز کو سوشل میڈیا پر وائرل کروانے پر متعدد شخصیات نے فیروز خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 18 جنوری کو انہیں نہ صرف بے وقوف قرار دیا تھا بلکہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کی تیاری کی دھمکی بھی دی تھی۔اور اب متعدد شوبز شخصیات نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا جب کہ باقی شخصیات نے بھی فیروز خان کو مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کی دھمکی دے ڈالی۔ گلوکار و اداکار فرحان سعید نے ڈان امیجز کو فیروز خان کو بھجوائے گئے جوابی نوٹس کی کاپی بھیجی، جس میں گلوکار نے اداکار سے 15 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ فرحان سعید کی جانب سے فیروز خان کوبھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اداکار نے گلوکار کی ذاتی معلومات جیسا کہ ان کے گھر کا ایڈریس اور موبائل نمبر سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس سے انہیں ذہنی پریشانی سمیت سیکیورٹی خدشات لاحق ہوگئے۔ فرحان سعید نے اپنے نوٹس میں فیروز خان کو 15 دن میں تحریری طور پر معافی مانگنے کا کہا ہے، دوسری صورت میں انہوں نے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کی دھمکی دے ڈالی۔ ان کی طرح اداکار منیب بٹ نے بھی فیروز خان کے خلاف ایف آئی اے میں سائبر کرائم قوانین کے تحت درخواست جمع کروادی اور انہوں نے اپنی درخواست کی کاپی سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی۔ منیب بٹ نے اسی حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے فیروز خان کی جانب سےاپنی ذاتی معلومات کو شیئر کرنے کو فیروز خان کی غلطی سمجھا تھا اور انہیں امید تھی کہ اداکار ان سے معافی مانگیں گے منیب بٹ کے مطابق 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود فیروز خان نے ان کا نمبر اور ایڈریس عام کرنے پر معافی نہیں مانگی تو انہوں نے ایف آئی اے میں درخواست دائر کردی۔ ساتھ ہی منیب بٹ نے فیروز خان کےخلاف دی گئی درخواست کی کاپی شیئر کی، جس میں انہوں نے فیروز خان کے موبائل نمبر اور ایڈریس کو چھپایا اور لکھا کہ اگر وہ چاہتے تو وہ بھی اداکار کی ایڈریس ظاہر کرتے مگر وہ ایسا نہیں کریں گے۔ ان کی طرح ان کی اہلیہ اداکارہ ایمن خان نے بھی فیروز خان کو قانونی کارروائی کی دھمکی دی اور لکھا کہ ان کے ذاتی موبائل نمبر کو لیک کیے جانے کے بعد انہیں اور ان کے خداندان کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہوگئے، وہ ذہنی پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ ایمن خان نے لکھا کہ فیروز خان نے جان بوجھ کر ان کی ذاتی معلومات لیک کی اور اب وہ اپنی غلطی کے لیے قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ ان کی بہن اداکارہ منال خان نے بھی فیروز خان کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کا انتباہ کیا۔