وزیراعظم نے قومی کفایت شعاری کمیٹی قائم کر دی ، نوٹیفکیشن جاری

03:54 PM, 20 Jan, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی کفایت شعاری کمیٹی قائم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ناصر محمود کھوسہ 15 رکنی کمیٹی کے کنوینئر مقرر کردیے گئے ہیں ،اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی ڈسپلن کیلئے تجاویز دے گی۔ اخراجات میں کمی کیلئے وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں سے بھی تجاویز لی جائیں گی، مقاصد کے حصول کیلئے حکومتی حجم میں بھی کمی لانے کی تجاویز تیار کی جائیں گی۔ وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا، معاونین خصوصی، مشیران کمیٹی کے ارکان نامزد کیے گئے ہیں ، کابینہ، خزانہ، پاور، ہاؤسنگ کے سیکرٹریز بھی رکن مقرر کئے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ چیئرمین سی ڈی اے، صوبائی چیف سیکرٹریز بھی کمیٹی میں شامل ہیں ۔ ماہر معیشت قیصر بنگالی، فرخ سلیم، زبیر خان، نوید افتخار بھی رکن مقرر کیے گئے ہیں ۔جبکہ کنوینئر کو سرکاری یا نجی شعبے سے مزید ارکان نامزد کرنے کا اختیار ہوگا۔
مزیدخبریں