بھارت: ٹرینی ڈاکٹر کی ساتھ زیادتی ، قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کو عمر قید کی سزا 

04:03 PM, 20 Jan, 2025

(ویب ڈیسک )   بھارت کے شہرکولکتہ میں گزشتہ سال 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور وحشیانہ قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 18 جنوری کو عدالت نے سابق پولیس رضاکار سنجے رائےکو کیس میں مجرم قرار دیا تھا جس کا فیصلہ آج 20 جنوری کو سنایا گیا۔

عدالتی فیصلے میں  کہا گیاکہ پیش کیےگئے ثبوتوں سے سنجے رائے پر الزام ثابت ہوتا ہے۔   عدالت نے سنجے کو سزائے موت دینے کی سی بی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عمر قید کا حکم دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  مجرم نے عدالت میں جرم سے انکار کرتے ہوئےکہا کہ وہ بےگناہ ہے اور اسے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے جب کہ سی بی آئی نے اس سے کچھ دستاویزات پر زبردستی دستخط بھی کرائے ہیں۔

مقتولہ کی والدہ کا عدالتی فیصلے پر ردعمل

مقتولہ ڈاکٹر کی والدہ نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ مجرم اکیلا نہیں تھا بلکہ اس کے ساتھ اور لوگ بھی تھے، ہمیں انتظار ہے کہ باقی لوگ بھی گرفتار ہوں گے اور انہیں بھی سزا ملےگی۔

مقتولہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ سنجے کو بائیولوجیکل ثبوتوں کی بنیاد پر سزا سنائی گئی ہے اور دوران سماعت وہ خاموش ہی رہا جو ظاہر کرتا ہےکہ وہ اس جرم میں ملوث ہے تاہم وہ اکیلا نہیں تھا، اس لیے انصاف ابھی مکمل نہیں ہوا، ہم اس کے لیے مزید لڑائی جاری رکھیں گے۔

دو روز قبل کولکتہ کی سیالدہ سیشن کورٹ نے آر جی کار میڈیکل کالج میں 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کیس میں مرکزی ملزم سنجے رائے کو مجرم قرار دیا  تھا۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انیربن داس نے سنجے رائے کو تعزیرات ہند (ترمیم شدہ ) کی دفعہ 64 ، دفعہ 66 اوردفعہ 103 کے تحت مجرم قرار دیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت شروع ہونے کے 57 دن بعد فیصلہ سنایا۔

  سنجے رائے کو مجرم قرار دیتے ہوئے  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج  نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تمام شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے ،دوران سماعت گواہوں کے بیانات کی روشنی اوروکلا کے دلائل کےبعد میں جج انیربن داس تمہیں مجرم قرار دیتا ہوں ۔ تمہیں سزا ملنی چاہیے۔

  عدالت سنجے رائے کی سزا کا اعلان 20 جنوری کو کرے گی۔ اس وقت تک اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔

یادرہےاس کیس نے عالمگیر توجہ حاصل کی اور دنیا بھر کے شہریوں میں  غم و غصے کو جنم دیا ۔   کولکتہ سمیت بھارت کے طول وعرض میں ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور عوام نے بارباراحتجاج کیا ۔

گزشتہ سال 9 اگست کو آر جی کار ہسپتال کے سیمینار ہال میں ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی لاش نیم برہنہ حالت میں ملی تھی۔ کولکتہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی بنیاد پر شہری رضاکار سنجے رائے کو گرفتار کیا تھا۔ کولکتہ ہائی کورٹ کے حکم پر سی بی آئی نے کیس کو اپنے ہاتھ میں لے کر تحقیقات شروع کردی۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے بھی اپنی چارج شیٹ میں سنجے رائے کو اہم ملزم مانا ہے اور عدالت سے اس کے لیے موت کی سزا کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں