'شیطانی کھیل شروع،ایم پی ایز کو 50 کروڑ کی آفر دی جار ہی ہے'
01:21 PM, 20 Jul, 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب میں شیطانی کھیل شروع ہوگیا ہے اور ہمارے ایم پی ایز کو خریدنے کیلئے 50 کروڑ تک کی آفر دی جارہی ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کا الیکشن بہت اہم ہے،پی ٹی آئی کورکمیٹی نے پرویزالہیٰ کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کیاہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی 7اور مظفرگڑھ میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں دی ہوئی ہیں، پی پی 7 میں عدالت نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیے نیا کھیل شروع کیاگیاہے،وزیرداخلہ نے بیان دیا کہ 5لوگ ادھر سے ادھر ہوسکتےہیں،ن لیگ کے دیگر وزرا بھی ارکان کے غائب ہونے سےمتعلق بیان دے رہےہیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے لوگوں کو خریدنے کا کاروبار جاری رکھاہواہے،عطاتارڑ نے لوگوں کو 30سے40کروڑ روپے دینے کا کہاہے،ایم پی ایز کو خریدنے کے لیے 50کروڑ روپے کی آفر دی جارہی ہے، ایم پی اے چودھری مسعود احمدمبینہ طور پر40کروڑ روپے لےترکی پہنچ چکے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پاس سندھ میں نالے کھولنےکیلئے پیسہ نہیں اور ارکان خرید رہےہیں،پاکستان کے عوام غیر اخلاقی سیاست کو کبھی برداشت نہیں کرینگے،ہر صورت حکومت سے چمٹنے رہنے کا یہ سلسلہ اب ختم ہوجانا چاہیے۔