آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ٹی آئی پی کا دورہ ، آئی ایس پی آر
03:04 PM, 20 Jul, 2022
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کے تحت جدید ترین ٹنلنگ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کا افتتاح کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹی آئی پی کا دورہ کیا،جہاں آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کے تحت جدید ترین ٹنلنگ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کا افتتاح کیا. ٹی آئی پی آمد پر انجنئیر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز اور ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ٹی آئی پی کے قیام کا مقصد تحقیق و ترقی کے ساتھ ٹنلنگ میں پیشی وارانہ مہارت کو فروغ دینا ہے۔ ٹی آئی پی صنعتی ماہرین کے ساتھ اکیڈمک لیول پر ٹنلنگ کی تعلیم کے لئے منفرد پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے، ٹی آئی پی دنیا میں اپنی نوعیت کا چھٹا ادارہ ہے جسے ایف ڈبلیو او نے 10 ماہ کی مقررہ مدت میں مکمل کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا بھی دورہ کیا، آرمی چیف کو ملک میں انسداد پولیو مہم میں درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔ سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے پولیو ٹیمز کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے اضافی انسانی وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔