نیٹ فلکس کے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ شیئر کرنے والوں کیلئے بری خبر
05:37 PM, 20 Jul, 2023
نیٹ فلکس کے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ دوستوں یا رشتے داروں سے شیئر کرنے والے ہوشیار ، نیٹ فلکس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ اس کی شروعات فروری میں کینیڈا ، نیوزی لینڈ ، پرتگال اور اسپین سے ہوئی ، جس کے بعد امریکا اور دیگر کئی ممالک میں بھی کریک ڈاؤن کیا گیا۔ نیٹ فلکس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 20 جولائی سے ہر ملک میں پاس ورڈ شیئرنگ کی روک تھام کی جائے گی۔ واضح رہے کہ نیٹ فلکس کے اکاؤنٹ کے پاس ورڈ شیئرنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کی وجہ سے اپریل سے جون 2023 تک نیٹ فلکس کی تعداد میں 60 لاکھ کے قریب اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں جمعرات سے پاس ورڈ شیئر کرنے پر اقدامات کیے جائیں گے۔ جن ممالک میں اب کریک ڈاؤن شروع ہو رہا ہے، وہاں اضافی ممبر شپ کا آپشن متعارف نہیں کرایا جا رہا، کیونکہ وہاں پہلے ہی فیس کافی کم لی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ جنوری 2023 میں نیٹ فلکس نے یہ کہا تھا کہ کس طرح ایک اکاؤنٹ کو مختلف افراد کو استعمال کرنے سے روکے گی۔