ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیماء نائلہ کیانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ، وزیرِ اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نائلہ کیانی کو حال ہی میں دنیا کی پانچویں بڑی چوٹی مکالو سر کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
شہباز شریف نے نائلہ کیانی کے بطور اعزازی سفیر برائے تعلیم پاکستان میں تعلیم، کوہ پیمائی کے شعبے کی ترقی اور اس حوالے سے پیشہ ورانہ تربیت کی ترویج کے لیے کام کو بھی سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں خواتین ہر شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں، نائلہ کیانی کا بطور پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیماء 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرنا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں باصلاحیت خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، کھیل اور دیگر شعبوں میں خواتین کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
نائلہ کیانی نے وزیرِ اعظم کا ملک میں خواتین کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وزیرِ اعظم کو پاکستان میں کوہ پیمائی کے شعبے میں خصوصی تربیت اور ہنر و پیشہ ورانہ تعلیم کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ان تجاویز پر عملدرآمد کے لیے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔