اسلام آباد(پبلک نیوز) حکومت پاکستان کی ایما پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز 15 لاکھ 50 ہزار ویکسین لے کر پاکستان پہنچ گئی ہے.
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے 6852 چین سے صبح 30۔11 پر اسلام آباد پہنچی, نصف تعداد اسلام آباد میں آف لوڈ کرنے کے بعد طیارہ دوپہر 30۔1 پر کراچی روانہ ہوگا. نصف ویکسین ڈوز کراچی میں اتاری جائے گی. پی آئی اے 22 جون کو ایک خصوصی طیارے کے ذریعے 20 لاکھ مزید ویکسین پاکستان لے کر لائے گا. پی آئی اے اس ریلیف آپریشن کیلئے بوئنگ 777 طیارے استعمال کررہا ہے.
این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترنے والا پاکستان کا دوست ملک ہے،پاکستان کو کووڈ ویکسین کی بلا تعطل فراہمی کیلئے چین کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں،کووڈ ویکسینز کی مزید 20 سے 30 لاکھ ڈوز چین سے آئندہ ہفتے پاکستان پہنچ جائیں گی، آئندہ ہفتے مزید ڈوز کی آمد کے بعد ویکسین کی بلا تعطل فراہمی جاری رہے گی، تمام وفاقی اکائیوں کو ضرورت کے مطابق ویکسین کی فراہمی کا بندوبست کیا گیا ہے.