مفتی عزیز الرحمن بالآخر میانوالی سے گرفتار کرلئے گئے
10:52 AM, 20 Jun, 2021
میانوالی ( پبلک نیوز) مدرسے میں طالبعلم سے زیادتی کرنے والے مفتی عزیز الرحمن کی گرفتاری بالآخر کل رات عمل میں لائی گئی ٗ کب انہیں بیٹے سمیت میانوالی سے گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے صدر میں واقع ایک مدرسہ میں معلم مفتی عزیز الرحمن کی ایک ویڈیو چند دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد مزید چند ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ اپنے مدرسے کے طالبعلم سے زیادتی کر رہے تھے ٗ شاگرد صابر شاہ نے تین دن قبل یہ ویڈیو وائرل کی اور ساتھ یہ پیغام بھی تھا کہ اس کی جان کو مفتی عزیز الرحمن اور ان کے بیٹوں کی طرف سے خطرہ ہے۔جس کے بعد صابر شاہ کی مدعیت میں لاہور پولیس نے مفتی عزیز الرحمن کیخلاف ایف آئی آر درج کر لی ۔ صابر شاہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد بھاگ کر سوات چلا گیا جہاں پر اس کا موبائل نمبر چوبیس گھنٹوں تک بند رہا جس کے بعد موبائل آن ہونے پر پولیس نے اس کی لوکیشن نکلوا کر اس تک پہنچی اور اسے ساتھ لاہور میں لاکر اس کی مدعیت میں مفتی عزیز الرحمن کیخلاف مقدمہ درج کیا۔صابر شاہ نے یہ الزام بھی لگایا کہ مفتی عزیز الرحمن کے تین بیٹے اور ایک شخص عبداللہ اس کو ویڈیو وائرل کرنے کی وجہ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور اگر اس کی جان کو نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار مفتی عزیز ا لرحمن اور ان کے بیٹے ہوں گے۔