چین پاکستان نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے
01:23 PM, 20 Jun, 2023
چین اور پاکستان نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مفاہمتی یادداشت کی دستخطی تقریب میں شرکت کی، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خرم دستگیر اور احسن اقبال بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ 12 سو میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ ایک اور سنگ میل ہے، اس معاہدے سے پاکستان اور چین کے معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود بھی پاکستان معاشی بحالی کیلئے پرعزم ہے، 4.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری چین کی طرف سے مثبت اقدام ہے، یہ معاہدہ چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کا پاکستان پر اعتماد کی علامت ہے۔ آئی ایم ایف معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے بےحد مشکور ہیں، چینی حکومت کے ساتھ سمجھوتے میں اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کا بھی مشکور ہوں، پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ 1200 میگاواٹ صلاحیت کا حامل ہے، منصوبے کی کل لاگت 400 ارب ڈالر ہے، گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو سردخانے میں ڈال دیا تھا، چشمہ 5 منصوبے میں چینی کمپنی نے 30 ارب روپے کی رعایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ فوجی قیادت کے منصوبے میں دلچسپی لینے پر شکر گزار ہوں۔