بھارت میں زہریلی شراب پینے سے 30 ہلاک، 100 کی حالت نازک

11:34 AM, 20 Jun, 2024

 ویب ڈیسک : بھارت کی ریاست تمل ناڈو کے کلّاکوریچی ضلع میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے 30 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 100 سے زائد کی حالت نازک ہے جنہیں  اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

  رپورٹ کے مطابق کلّاکوریچی ضلع کلکٹر ایم ایس پرشانت نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کے بھی خدشے کا اظہار کیا ہے۔ اس معاملے میں 49 سالہ (غیر قانونی شراب فروش) کے۔ کنّوکٹّی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے پاس سے تقریباً 200 لیٹر غیر قانونی شراب ضبط کی گئی ہے، جس کی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ اس میں مہلک ’ میتھنال‘ موجود ہے۔

تمل ناڈو کے گورنر آر این روی نے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ گورنر نے ریاست کے مختلف حصوں سے جعلی شراب پینے سے اموات کی مسلسل رپورٹوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
 کلّاکوریچی کے کلکٹر ایم ایس پرشانت کے مطابق اب تک 109 لوگوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جن میں سے 30 کی موت صرف کلّاکوریچی میں ہوئی ہے۔ تین کے علاوہ باقی تمام کا پوسٹ مارٹم ہو چکا ہے۔ لائف سپورٹ سسٹم کے ساتھ ایمبولینس سمیت تمام سہولیات کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ جلد پیش کر دی جائے گی۔

سیلم اور تریچی سمیت قریبی اضلاع کے ڈاکٹر اور خصوصی طبی عملہ یہاں موجود ہے۔ پوسٹ مارٹم کے لیے فارنسک ٹیم کو بھی فوری طور پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ سی بی سی آئی ڈی نے تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہیں اور ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔

 

مزیدخبریں