لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

12:30 PM, 20 Jun, 2024

ویب ڈیسک: لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ بارش سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے ہیں۔  

تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت اور اطراف میں بادلوں نےڈیرے جمائے رکھے اور خوب جم کر برسے۔ اس کے ساتھ ہی سیشن عدالت اور اطراف میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں۔جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ 

بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ 

لاہور ہائیکورٹ، جی پی او چوک، ڈی سی آفس ,مال روڈ میں بارش ہوئی۔ 

اس کے علاوہ کوٹ لکھپت،ماڈل ٹاؤن،جوہر ٹاؤن،وحدت روڈ، سمیت مختلف مقامات پر بھی بارش ہوئی۔

پی ڈی ایم اے کا پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری:

پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز  کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ 

عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ شہری کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 22 جون تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔ شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں