گوجرخان : واپڈا اہلکار کو اغواء کرکے تشدد کرنیوالے  5 ملزمان گرفتار

04:54 PM, 20 Jun, 2024

(ویب ڈیسک ) گوجرخان پولیس نے واپڈا اہلکار کو اغواء کرکے تشدد کرنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق  گرفتار ملزمان میں عرفان، شان قمر، عمران بنی، گلفام اور ارباب شامل ہیں،ملزمان نے بجلی چوری کی اطلاع پر آنے والے واپڈا اہلکار کو اغواء کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

سی پی اوسید خالدہمدانی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ   ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

سی پی اور راولپنڈی کا کہنا ہے کہ  ملزمان کو قرار واقعی سزادلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورئے کیے جائیں گے،شہریوں کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری میں شامل ہے کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔ قانون ہاتھ میں لینے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

قبل ازیں   بجلی چوری کی شکایت ملنے پر کاروائی کے دوران آئیسکو اہلکار کو با اثر افراد نے برہنہ کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنا یا تھا۔ با اثر شخص نے آئیسکو اہلکار کی مونچھیں کاٹ دیں تھیں۔

سوہاوہ سب ڈویژن کے اہلکار جاوید بشیر بجلی چوری کی شکایت پر علاقے میں معائنہ کرنے گئے تھے۔درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم گلفام کے گھر کا میٹر چیک کرنے کے بعد بجلی کا بل مانگا تو اس نے گالم گلوچ کی، ملزم نے پتھر مارے بھاگ کر جان بچائی، ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ تاروں سے مارا اور گھسیٹ کر ڈیرے پر لے گیا۔

مدعی مقدمہ نے کہا کہ  ملزم گلفام نے اپنے ڈیرے پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا پستول سر پر رکھ کر جان سے مارنے کی دھمکی دی،  ملزمان نے برہنہ کرکے سر کے بال کاٹے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

مزیدخبریں