'یہ بجٹ عوام کیساتھ معاشی دہشتگردی ہے،اسے ایک اکنامک ہٹ مین نے بنایا ہے'

08:37 PM, 20 Jun, 2024

(ویب ڈیسک )   قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ  موجودہ حکومت کا بجٹ ایک غیر قانونی دستاویز ہے، یہ بحٹ عوام کے ساتھ چوری اور معاشی دہشت گردی ہے، یہ بجٹ ایک اکنامک ہٹ مین نے بنایا ہے۔

قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ   ایوان میں موجود ساری اپوزیشن پر جھوٹے مقدمات ہیں، ہمیں نہ مہم کرنے دی گئی نہ ہمیں ہمارے نشان پر الیکشن لڑنے دیا گیا، ہماری 180 نشستیں تھیں لیکن مینڈیٹ چرا لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام کے ساتھ چوری اور معاشی دہشت گردی ہے، یہ لوگ جب ملک سے جاتے ہیں تو ملک کھنڈر بن جاتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یہ بجٹ عوام کے اور پاکستان کے مستقبل کے خلاف ہے، سرمایہ کار قانون کی بالادستی نہ رکھنے والے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ   بجٹ ایک غیر قانونی دستاویز ہے جو یہاں پیش ہوا، بجٹ جب پیش ہوتا ہے تو فنانس بل تمام دستاویز یہاں پیش کرنا ہوتی ہیں، ایوان میں یہاں وہ دستاویز آئی ہی نہیں، صرف وزیر خزانہ کی تقریر تھی۔

مزیدخبریں