موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ آ گیا
04:45 PM, 20 Mar, 2021
لاہور (پبلک نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ دونوں ملزمان کو سزائے موت سنا دی گئی.تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ نے فیصلہ سنایا. فیصلہ میں عابد ملہی اور شفقت بگا کو سزائے موت سنائی گئی. عدالت نے دونوں ملزمان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا.ملزمان پر 59،50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا.کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے مقدمے میں 37 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے۔ گواہوں میں متاثرہ خاتون اور مقدمہ مدعی کا بیان بھی قلمبند کیا گیا۔ عدالت میں خاتون کے ساتھ موجود بچوں کو بھی بیانات قلمبند کرانے کے لیے پیش کیا گیا تھا لیکن معزز عدالت کی جانب سے کمسن ہونے کی وجہ سے بچوں کے بیانات قلمبند نہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا .یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 ستمبر کو لاہور کے علاقہ گجرپورہ کے نزدیک موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ خاتون پیٹرول ختم ہونے کی وجہ سے موٹروے پر گاڑی روکے اپنے شوہر کا انتظار کر رہی تھی۔ اس دوران ملزمان آئے انھوں نے گاڑی کے شیشے توڑے اور خاتون کو موٹروے سے نیچے لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔اس وقت موٹروے زیادتی کیس سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔ بعد ازان ملزمان کی گرفتاری واقع ہوئی۔ عدالت نے دو روز قبل کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج سنایا گیا۔