عاصم اظہر نے اداکارہ میرب علی سے منگنی کرلی
05:06 PM, 20 Mar, 2022
کراچی: معروف گلوکار عاصم اظہر نے ابھرتی ہوئی اداکارہ وماڈل میرب علی سے منگنی کرلی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر منگنی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو میرب علی سے منگنی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ گلوکار نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’’شکر الحمداللہ، خدا کے فضل وکرم اور والدین کی دعاؤں سے ہم(عاصم اظہر اور میرب علی) اپنی منگنی کا اعلان کرتے ہیں، اللہ ہمیں ہمیشہ محفوظ اور خوش رکھے، آمین‘‘۔ عاصم اظہر نے اپنے مداحوں سے بھی اپیل کی کہ وہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں اس طرح کی خبریں زیر گردش تھیں کہ گلوکار اور میرب علی ایک دوسرے کے بہت قریب آچکے ہیں تاہم اب باقاعدہ منگنی کے اعلان نے تمام شک وشبہات دور کردیے۔ شوبز شخصیات بھی نئی جوڑی کو مبارک باد اور ان سے نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ میرب علی معروف ماڈل ہیں، انہوں نے ڈرامہ سیریز صنف آہن سے اپنی اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا۔