وزیر اعظم کی فوج اور اس کے سربراہ کیخلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی مذمت

03:47 PM, 20 Mar, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے، بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں، عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں ، پاکستان میں افراتفری ، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے، قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔
مزیدخبریں