پی ٹی آئی انتشار نہیں الیکشن چاہتی ہے، عمران خان
07:12 PM, 20 Mar, 2023
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انتشار نہیں الیکشن چاہتی ہے، ان لوگوں نے میرے گھر کی دیوار اور دروازہ توڑ دیا، باربار کہہ رہا ہوں ہمیں کسی قسم کا ہتھیار نہیں اٹھانا، فوج بھی میری، ملک بھی میرا اور میرا جینا مرنا یہیں ہے، مجھے باہر نہیں بھاگنا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے کہا کہ ہفتےکو زمان پارک سے نکلا تو بشریٰ بی بی کو خداحافظ کہہ کر نکلا تھا، میں جیل جانے کے لیے ذہنی طور پر تیار تھا، مجھے علم تھا کہ مجھے جیل بھیج دیا جائےگا یا قتل کر دیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے 4 گھنٹےلگے مجھے ٹول پلازہ سےکورٹ پہنچنےمیں کہ اچانک شیلنگ شروع کردی گئی ،لوگ پتہ نہیں کہاں سے آئے، ایک آدمی مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہونے جارہا تھا،اوپرسےپتھرمار رہے تھے، راستےمیں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں نامعلوم افراد موجود تھے، ہمارے وکلا پر ڈنڈے برسائے گئے۔ ایک آدمی کیلئےاتنی پولیس اور ایف سی تو میں نے دیکھی ہی نہیں، جو ملک میں حالات ہو رہے ہیں پوری زندگی ایسے حالات نہیں دیکھے۔انہوں نے پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں پر شیلنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی معجزہ دیکھا کہ ہوا کی سمت اس طرف ہو گئی جہاں سے پولیس شیلنگ کر رہی تھی۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب باہر نکلتا ہوں تو میری جان کو خطرہ ہوتا ہے، جس شخص نے مجھ پر گولیاں چلائیں اس کا ویڈیو بیان ہو سکتا ہے لیکن میرا نہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف تقریباً 100 کیسز ہو چکے ہیں، ایسی کیا غلطی کی کہ مجھ پر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے۔ عمران خان نے خطاب میں کہا کہ 30اپریل کو الیکشن ہے لیکن کوئی فضا بننے ہی نہیں دی جا رہی، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ محسن نقوی آج اربوں پتی بن چکا ہے ، موجودہ نگراں حکومت الیکشن کرانے نہیں بلکہ پی ٹی آئی ختم کرانے آئی ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ مینارپاکستان پر جلسے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی، بدھ کو جلسہ کرنا تھا اب پتہ چلا ہےکل عدالت فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی قانون نہیں صرف جنگل کا قانون ہے، یہاں تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی انتشار نہیں الیکشن چاہتی ہے، ان لوگوں نے میرے گھر کی دیوار اور دروازہ توڑ دیا، باربار کہہ رہا ہوں ہمیں کسی قسم کا ہتھیار نہیں اٹھانا، فوج بھی میری، ملک بھی میرا اور میرا جینا مرنا یہیں ہے، مجھے باہر نہیں بھاگنا۔