رمضان المبارک میں مارکیٹیں رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت

09:32 AM, 20 Mar, 2024

ویب ڈیسک: عدالت نے رمضان المبارک کے دوران مارکیٹیں رات 12 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دیدی۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں کا تحریری حکم جاری کردیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے گزشتہ سماعت کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔

تحریری حکم میں عدالت نے رمضان المبارک کے دوران مارکیٹوں کو رات 12 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی جبکہ ہفتے اور اتوار کو مارکیٹیں رات ایک بجے تک کھلی رہیں گی، مارکیٹوں کے اوقات کار صرف رمضان المبارک کے مہینے کے لیے ہیں۔

عدالت نے تحریری حکم میں کہا ہے کہ محکمہ پی ڈی ایم اے نے سکولز کے بچوں کے لیے ماحولیات سے متعلق سلیبس عدالت میں پیش کیا، پنجاب بھر میں بہت سے اینٹوں کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوچکے ہیں، عدالت نے قصور میں ٹینریز سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹولنٹن مارکیٹ کے مسئلے کا مستقل حل نکالنے کی ہدایت کردی ہے، عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی۔

مزیدخبریں