پبلک نیوز:بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے پیش آنے والے ایک حادثے میں 20 کان کن پھنس گئے تھے جنہیں ریسکیو کرلیاگیا ہے جبکہ 12 لاشیں بھی نکال لیں گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ منگل کو کوئٹہ سے تقریباً 120 کلومیٹر دور ہرنائی کی سب تحصیل خوست کے علاقے زرد آلود میں جلات خان کول کمپنی کی کان میں پیش آیا۔کان میں کاربن مونو آکسائیڈ گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا جس کےنتیجے میں کان منہدم ہوگئی۔ وہاں کام کرنے والے 10کان کن کئی سو فٹ گہرائی میں پھنس گئے۔
حادثے کے بعد پھنسے ہوئے کان کنوں کو نکالنے کے لیے ان کے 8 ساتھی نیچے اترے تو وہ بھی گیس کی وجہ سے اندر پھنس گئے۔پھنسے ہوئے کان کنوں کو بھی بچانے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ کوئٹہ اور ہرنائی کے علاقے شاہرگ سے امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پھنسے ہوئے 10 میں سے 2 کان کنوں کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ باقی 8 کان کن گہرائی میں ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔
چیف مائنزانسپکٹر کا کہنا ہے کہ کوئلہ کان میں پھنسے 8 کان کنوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ 6 کان کنوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں ہیں اور جاں بحق افراد کی تعداد8 ہوگئی ہے .
مائنز انسپکٹر رشید ابڑو کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران 2 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں،کان کنوں کی شناخت پشین کے رہائشی عبدالغفور اور زرد آلود ہرنائی کے رہائشی صبور ولد گل زمان کے نام سے ہوئی ہے۔
انسانی حقوق کمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق کان کے منہدم ہونے اورزہریلی گیسوں کے جمع ہونے سمیت مختلف وجوہ کے نتیجے میں پیش ہونے والے حادثات میں بلوچستان میں ہرسال اوسطاً 100 سے 200 کان کن ہلاک ہوجاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ساتھ ہی ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی بھی ہدایت کردی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہرنائی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی ء درجات کی دعاء اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی ہے۔
وزیراعظم نے کان کنوں کی ریسکیو کی کوششوں کو تیز تر کرنے کی ہدایت کردی جبکہ وزیراعظم نے حادثے کے نتیجے میں زخمی کان کنوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات انتہائی تکلیف دہ اور افسوس ناک ہیں،غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں،حکومت زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی۔