ویب ڈیسک : فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرنیوالے امریکی مسلمانوں کی فہرستیں تیار، ایف بی آئی نے کارروائی شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں مسلمانوں کی شہری آزادیوں کی سب سے بڑی تنظیم کے لیے کام کرنے والے ایک وکیل کا کہنا ہے کہ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ( ایف بی آئی) غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے بعد امریکا میں مسلمانوں کی سخت جانچ پڑتال کر رہا ہے۔
دینا چہیتا جو کونسل آن امریکن-اسلامک ریلیشنز (CAIR) لاس اینجلس کی شہری حقوق کی مینیجنگ اٹارنی ہیں نے میڈیا کو بتایا کہ امریکا میں مسلمانوں کی کڑی نگرانی تو ویسے ایف بی آئی کئی سالوں سے کررہا ہے ، لیکن 7 اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے بعد شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ "CAIR کے لاس اینجلس کے دفتر کو جنوبی کیلیفورنیا میں فلسطینی، عرب، اور مسلم کمیونٹیز کے اراکین کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔
شکایات کے مطابق ایف بی آئی کے ایجنٹ مسلم کمیونٹی کے ارکان سے براہ راست، فون کے ذریعے یا ان کے گھر جا کر، ان سے پوچھ گچھ کرنے کے لیے رابطہ کرتے ہیں۔
وفاقی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسلمانوں سے یہ بھی پوچھا ہے کہ آیا وہ حماس کی حمایت کرتے ہیں، کیا وہ جنگی علاقے میں تشدد کے استعمال کی حمایت کرتے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ باوثوق ذرائع کے مطابق بہت سے مسلمانوں کی نگرانی کی جارہی ہے اوردرجنوں افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ اور اس صورت حال کے پیش نظر امریکی مسلمانوں کو چوکس رہنے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔