’’اسرائیل عالمی سرپرستی میں فلسطین پر حملے کر رہا ہے‘‘

05:45 PM, 20 May, 2021

شازیہ بشیر

نیویارک ( پبلک نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی سرپرستی میں فلسطین پر حملے کر رہا ہے۔ فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے عالمی فورس بننی چاہیے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے فلسطین میں خوراک ، طبی سہولتوں کی ایمرجنسی ہے۔اقوام عالم ایک اہم موڑ پر کھڑی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر ظلم کی انتہا کر دی۔ آج بھی اگر ہم کچھ نہ کرپائے تو تاریخ میں لکھا جائے گا۔ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے 50ہزار لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔ اسرائیل نے فلسطین میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے عمارتیں گرا دیں۔

شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ اسرائیلی حملوں میں درجنوں خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل غرور اور تکبر سے فلسطین پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسرائیل عالمی سرپرستی میں فلسطین پر حملے کر رہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہاہے۔ اسرائیل عالمی اصولوں کو ڈھٹائی سے پامال کر رہاہے۔ فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے عالمی فورس بننی چاہیے۔

قبل ازیں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں