عدنان صدیقی نے ن لیگ جوائن کرلی؟ خود سچ سامنے لے آئے

06:37 AM, 20 May, 2022

احمد علی
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ، فلم انڈسڑی کے نامور اور ہر دل عزیز اداکار نے گذشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی ، جس کے بعد سوشل میڈیا پریہ خبریں تیزی سے گردش کررہی تھیں کہ انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ بعد ازاں اداکار عدنان صدیقی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے ۔ عدنان صدیقی کا ملاقات کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ لندن میں فلمی تشہیری مہم پر ہیں اور انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو فلم دیکھنے کی دعوت دی ہے ۔عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات بہت زبردست رہی جس میں انہوں نے انڈسٹری کی بہتری کےلئے اقدامات سے آگاہ کیا ، انہوں نے کہا کہ ملاقات میں فلم کی پالیسی سے متعلق بھی بات چیت کی گئی ۔ ویڈیو اینڈ فوٹوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ میں بتانا چاہتا ہوں کہ میری مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف صاحب سے ملاقات کا بالکل بھی کوئی سوچا سمجھا منصوبہ نہ تھا، میں نے ان سے ذاتی حیثیت میں ملاقات کی کہ جس میں کوئی ایجنڈا نہیں تھا، میرے دل میں صرف انڈسٹری کا مفاد تھا، اور میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں جس پر میں نے ہمیشہ یقین کیا ہے اور اکثر کہا تھا کہ سیاست اور فنون کو الگ رکھنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے حوالے سے ایک خبر شائع ہوئی کہ میں نے مسلم لیگ ن جوائن کرلی ہے جو کہ بالکل غلط اور فیک نیوز ہے، میں نے ایسا بالکل نہیں کیا، میں سیاست میں نہیں آ رہا، میں ابھی تک اس بات سے لاعلم ہوں کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے اس چیز کی وضاحت کرنے والا کوئی بیان کیوں سامنے نہیں آیا، خاص طور پر جب وزارت اطلاعات و نشریات کے آفیشل ہینڈل نے اس پر ایک جعلی ٹویٹ شیئر کی تھی۔ عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ٹرول کرنے والوں اور نفرت کرنے والوں نے آزادی اظہار رائے کے اپنے حق کا استعمال کیا ہے اور میں ان کے جذبات کا احترام کرتا ہوں۔ مگر ہمیں ہمیشہ ہر چیز کو سیاسی نظریے سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے ہمیشہ غیر جانبداری کلید رہی ہے، جہاں تک ان لوگوں کا تعلق ہے، جنہوں نے میری فلموں اور ڈراموں کا ’’بائیکاٹ‘‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ان کی مرضی ہے، میں تعریف اور تنقید دونوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ اب اگر ہر کوئی مجھے کسی ایسی چیز کے لیے ٹرول کر رہا ہے کہ جو میں نے نہیں کیا تو میں دوبارہ اداکاری میں جانا چاہوں گا، ہر ایک کے لیے دعائیں جو دوسروں پر حملہ کرنے کے لیے اپنی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ نواز شریف نومبر 2019 ء سے علاج کی غرض لندن میں مقیم ہیں ۔ لندن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات ان سے ملاقات کرتی رہتی ہیں ۔
مزیدخبریں