پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین ڈی سیٹ
10:07 AM, 20 May, 2022
پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا کہ منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس منظور کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی کے جن 25 اراکین کیخلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا ان میں سعید اکبر، ملک غلام رسول، محمد سلمان، ملک نعمان لنگڑیال، محمد امین ذوالقرنین، نذیر احمد چوہان، عبدالعلیم خان، محمد اجمل اور دیگر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ حمزہ شہباز شریف 197 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے، جس میں تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین کے ووٹ بھی شامل تھے۔ ریفرنس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ منحرف ارکان اسمبلی نے پارٹی فیصلے کے برخلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا، یہ سب آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، انہیں سزا کے طور پر ڈی سیٹ کر دیا جائے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے اپنے دفاع میں کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے حوالے سے تحریک انصاف کی قیادت نے کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھیں۔