مسلم لیگ ن سے پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہو گا ، مریم نواز

11:07 AM, 20 May, 2022

احمد علی
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیٍغام میں کہا ک پی ٹی آئی کچھ بھی کرلے،شیر سے پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہو گا انشاءاللّہ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجابیوں کو اپنے صوبے کو فرح گوگی کی لوٹ مار اور تباہی کے حوالے کر دینے پر شدید غصہ ہے جس کا حساب وہ انتخابات میں چکتا کر دیں گے۔ الیکشن کمیشن کو دن رات گالیاں دینے والے عمران خان کو آج تھوڑی شرم تو آئی ہو گی مگر کہاں! دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پنجاب حکومت پرکوئی اثر نہیں پڑے گا،آئین کے وقار کیلئے عدالتیں کھلیں توانہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں،منحرف ارکان نے عمران خان کی پالیسی سے عدم اعتماد کا اظہار کیا،آج25ڈی سیٹ نہیں ہوئے بلکہ عمران خان کے منہ پر25طمانچے پڑے ہیں. واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا کہ منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس منظور کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی کے جن 25 اراکین کیخلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا ان میں سعید اکبر، ملک غلام رسول، محمد سلمان، ملک نعمان لنگڑیال، محمد امین ذوالقرنین، نذیر احمد چوہان، عبدالعلیم خان، محمد اجمل اور دیگر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ حمزہ شہباز شریف 197 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے، جس میں تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین کے ووٹ بھی شامل تھے۔ ریفرنس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ منحرف ارکان اسمبلی نے پارٹی فیصلے کے برخلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا، یہ سب آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، انہیں سزا کے طور پر ڈی سیٹ کر دیا جائے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے اپنے دفاع میں کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے حوالے سے تحریک انصاف کی قیادت نے کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھیں۔
مزیدخبریں