ایرانی صدر کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا: ایرانی میڈیا

09:05 AM, 20 May, 2024

ویب ڈیسک:ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرچ ٹیمیں صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کے حادثے کا شکارہونیوالے ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے ہلال احمر کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا لاپتہ ہیلی کاپٹر مل گیا ہے لیکن صورت حال بہتر نہیں ہے۔

علاوہ ازیں ترکیے کے ڈرون نے تپش کے ایک ماخذ کی نشاندہی کی ہے جو ممکنہ طور پر ایرانی صدر رئیسی کے تباہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ہو سکتا ہے۔

ادھر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد صدر رئیسی کے بچنے اور زندہ ہونے کی توقعات کم ہیں، برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ حادثے کے مقام پر زندگی کے کوئی آثار نہیں کیونکہ اس جگہ پر موجود ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایرانی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں تمام مسافروں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان سے منسلک ایرانی سرحد پر ڈیم کا افتتاح کرنے بعد واپس تبریز آ رہے تھے کہ موسم کی خرابی کے باعث ان کے ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر کے علاوہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی سمیت دیگر اہم حکام سوار تھے۔

ہنگامی لینڈنگ کے بعد ہیلی کاپٹر کی تلاش کی گئی ، موسم کی خرابی کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آپریشن میں 6 صوبوں تہران، البورض، اردبیل، مشرقی آذربائیجان اور مغربی آذربائیجان سے امدادی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایرانی فوجی دستے ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں، اس کے علاوہ آپریشن میں ترکیہ کے ریسکیو اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔

ترکیہ نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے خصوصی طور پر پہاڑوں میں ریسکیو آپریشن کرنے والی ٹیم بھیجی ہے، ترکیہ کی ٹیم 32 ریسکیو ماہرین پر مشتمل ہے، ترکیہ کی ریسکیو ٹیم نائٹ ویژن آلات اور سہولتوں سے لیس ہے، 47 روسی ماہرین ہیلی کاپٹر کی کھوج پر مامور تھے۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں یورپی کمیشن بھی پیش پیش ہے، یورپی کمیشن نے سیٹلائٹ میپنگ سروس کو فعال کر دیا، سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹیویٹ کرنے کا قدم ایران کی درخواست پر اٹھایا گیا، ہیلی کاپٹر کو ڈھونڈنے میں سیٹلائٹ سے مدد لی گئی۔

ایران کے نائب صدر برائے ایگزیکٹو امور محسن منصوری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے وفد میں شامل دو افراد کے ریسکیو ٹیم سے رابطہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامہ ای کی زیر صدارت سپریم کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ ایرانی شہر مشہد میں امام علی رضا کے روضہ پر شہریوں نے ایرانی صدر کی سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔

ادھر ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی جگہ سے آنے والی خبریں تشویشناک ہیں، ایرانی صدر کے کارواں میں 3 ہیلی کاپٹر شامل تھے، دو بحفاظت پہنچ گئے، تیسرا لاپتہ ہے، صدر کے ساتھیوں کیساتھ رابطے میں ہیں، حادثہ پہاڑی مقام پر پیش آیا جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ایرانی ہلال احمر کا مزید کہنا تھا کہ خراب موسم اور علاقے میں بدترین دھند کی وجہ سے ہلال احمر کے امدادی ہیلی کاپٹرز مذکورہ علاقے میں پرواز نہیں کر پا رہے ہیں، اسی لیے امدادی ٹیمیں زمینی راستوں سے تلاش کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں