ویب ڈیسک: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے نجی شاپنگ مال کے سیکیورٹی انچارج پر تشدد اور تالے توڑنے پر درج مقدمے میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت وکیل تنویر الیاس نے بتایا کہ دونوں فریقین میں سمجھوتا ہوگیا ہے، قدمے کا مدعی آ جائے تو ضمانت کی درخواست دائر کردیں گے۔
اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ ٹھیک ہے اس کو جوڈیشل کردیتے ہیں، آپ ضمانت کی درخواست دائر کردیں۔
بعد ازاں عدالت نے تنویر الیاس کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ سردار تنویر الیاس کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔
سردار تنویر الیاس کی ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر وڈیو بنانے پر پولیس اور تنویر الیاس کے اسٹاف نے صحافیوں سے بدتمیزی اور ہاتھا پائی کی، پولیس اہلکاروں اور سردار تنویر الیاس کے اسٹاف نے صحافیوں سے موبائل چھین لیے اور ویڈیو بنانے سے منع کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کو مارگلہ پولیس نے گرفتار کر لیا تھا، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر رانا تنویر الیاس کو اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ کی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
یکم مئی کو سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔